وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید طارق محمودالحسن کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفدکی ملاقات

syed tariq mahmood ul hassan

آپ نے ہمیں عزت دی،ہمارے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے،اوورسیز پاکستانیوں کے وفدکاوزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین

اوورسیز پاکستانیزوطن عزیز کا سرمایہ ہیں،اوورسیز پاکستانیز کیساتھ ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کروں گا:عثمان بزدار

 سمندر پار سے آنے والوں کو پہلی بار ووٹ کا حق تحریک انصاف کی حکومت نے دیا ہے، اب ہر اوورسیز پاکستانی ووٹر ہے

پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی 44 ارب روپے کی جائیدادیں واگزار کرا چکا ہے

 3 سال میں سمندر پار پاکستانیوں کی 11 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا ہے،آپ کی خدمت میری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی

لاہور 24 دسمبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید طارق محمودالحسن کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی -وفد میں امریکہ، انگلینڈ، کینیڈا، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر ممالک سے آئے اوورسیز پاکستانی شامل تھے-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اوورسیزپاکستانیز کو ان کی شاندار خدمات پر میڈلز دیئے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو بھی میڈلز دیئے-وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے افسروں اور عملے میں شیلڈز تقسیم کیں -اوورسیز پاکستانیزنے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں -آپ نے وزیر اعلی آفس بلا کر ہمیں عزت دی ہے اور ہمارے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں -ہم سب آپ کا دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی-اوورسیز پاکستانیزوطن عزیز کا سرمایہ ہیں – سمندر پار سے آنے والوں کو پہلی بار ووٹ کا حق تحریک انصاف کی حکومت نے دیا ہے – اب ہر اوورسیز پاکستانی ووٹر ہے اور آزادی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس نے سمندر پار مقیم ہر پاکستانی کو پاکستان کا شہری سمجھا اور اس کے حقوق کی پاسداری کا علم اٹھایا۔ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی 44 ارب روپے کی زرعی، رہائشی اور کمرشل جائیدادیں واگزار کرا چکا ہے۔ ایک پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم میں 176 گھروں اور پلاٹوں کا قبضہ بھی اوورسیز پاکستانیوں کو دے دیا گیا ہے جن کی مالیت 60 کروڑ سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ  مقدمات نمٹانے کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ویب پورٹل کو لاہور ہائی کورٹ سے منسلک کر دیا گیا۔ اوورسیز پاکستانیزاپنی شکایت او پی سی کمپلینٹ ویب پورٹل پر دنیا بھر میں کہیں سے بھی درج کرا سکتے ہیں – اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے ازالے کو یقینی بنانے کے لئے 24/7ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے -فیڈرل اور صوبائی محکموں میں اوورسیز پاکستانیوں کی معاونت اور انفارمیشن کیلئے اوورسیز کمیشن اور کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ پنجاب او پی سی میں نادرا کا کاؤنٹر فنکشنل ہے، جلد ٹورازم اور پاسپورٹ آفس کا کاؤنٹر بھی قائم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے اضلاع میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں اور ان کے چیئرمین تعینات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 3 سال میں سمندر پار پاکستانیوں کی 63 فیصد یعنی 11 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے- سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے زیر و این او سی پالیسی لائی جا رہی ہے۔ انویسٹرز کی آسانی کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کا گھر ہے اور آپ کو یہاں پورا تحفظ ملے گا- بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت میری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی – آپ مجھے اس فرض کی ادائیگی میں کبھی پیچھے نہیں پائیں گے-تحریک انصاف کی حکومت آپ کی حکومت ہے