مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے اپنے صاحب زادے سید عمر رضا گیلانی کو اپنا ولی عہد نامزد کر دیا

اوچ شریف: سجادہ نشین درگاہ قادریہ غوثیہ عالیہ و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پیرو مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے اپنے صاحب زادے مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی کو اپنا ولی عہد نامزد کر دیا، نویں صدی ہجری سے خانوادۂ گیلانیہ کے پاس چلی آنے والی تاریخی تلوار نامزد ولی عہد کے سپرد، تفصیلات کے مطابق سجادہ نشین درگاہ قادریہ غوثیہ عالیہ و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پیر مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے اپنے بڑے صاحب زادے مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی کو درگاہ قادریہ عالیہ کا ولی عہد نامزد کیا ہے، اس موقع پر شمس محل میں ایک منعقدہ ایک مختصر تقریب میں پیر مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے نوی صدی ہجری سے خانوادۂ گیلانیہ کے پاس نسل در نسل چلی آنے والی تلوار اپنے نامزد ولی عہد کے سپرد کر کے اپنے فیصلے کی توثیق کی اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی، کورونا وبا سے نجات اور سلسلہ قادریہ کے بزرگان دین کی بلندی درجات کے لیے دعا مانگی، سید عمر رضا گیلانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے والد کا شکریہ ادا کیا اور سلسلہ قادریہ کی عظیم روایات پر عمل پیرا ہونے کا عزم ظاہر کیا، واضح رہے کہ نویں صدی ہجری کی تاریخی تلوار مخدوم الملک مخدوم المخادیم مخدوم سید حامدمحمد شمس الدین گیلانی نے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کے سپرد کی تھی۔ سجادہ نشین درگاہ صابریہ عالیہ مہرآباد شریف و امیدوار برائے ایم پی اے حلقہ 275پیر مخدوم سید فیاض عالم مہروی المعروف رانجھو سائیں اور سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی اوچ شریف مخدوم سید سبطین حیدر بخاری نے ولی عہد نامزد ہونے پر سید عمر رضا گیلانی کو مبارک باد دی اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے۔