اوچ شریف (خبرنگار) اولیائے اوچ نے اسلام کی تبلیغ و ترویج کے لیے بے پناہ خدمات سرانجام دیں، ان کے آستانے فیضان نور ہیں جو رہتی دنیا تک آباد رہیں گے اور خلقت ان کے فیضان ولایت سے سرفراز ہوتی رہے گی، ان خیالات کا اظہار بھارتی ریاست اترپردیش میں واقع درگاہ کچھوچھہ مقدسہ کے سجادہ نشین پیر سید احسن اشرف الاشرفی الجیلانی نے اپنے دورہ اوچ شریف کے دوران مختیار محل میں چیئرمین مشائخ اتحاد کونسل پاکستان پیر مخدوم سید سہیل حسن گیلانی سے ایک ملاقات میں کیا، اس موقع پر کچھوچھہ مقدسہ بھارت سے مشائخ و علماء پر مشتمل ایک وفد بھی ملاقات میں شریک تھا، پیر سید احسن اشرف الاشرفی الجیلانی نے کہا کہ اولیائے اللہ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے والا دنیا و آخرت میں کامیاب ہو گا، حضرت محبوب سبحانی رحمتہ اللہ علیہ کی خانقاہ پر جو بھی آیا،خالی ہاتھ نہیں گیا، خطہ پاک اوچ سے ہمارے آباؤ اجداد کا گہرا تعلق ہے، ہمارے دادا حضرت مخدوم سید اشرف جہانگیر صمدانی بھی یہاں تشریف لائے تھے، اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پیر مخدوم سید سہیل حسن گیلانی نے کہا کہ سلسلہ قادریہ کے آستانوں سے ہمیشہ محبت، اخوت، امن، خلوص اور انسانیت کا درس ملا ہے، دورے کے موقع پر سجادہ نشین درگاہ قادریہ عالیہ و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کے صاحب زادے مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی نے کچھوچھہ مقدسہ کے وفد کو شمس محل میں نوادرات اور تبرکات کی زیارات کرائیں۔