بہاول پور ڈویژن کے 2863 دیہی علاقہ جات میں 360 مینجمنٹ کمیٹیاں صفائی ستھرائی کے امور کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ
بہاول پور:26 /ستمبر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بہاول پور ڈویژن کی15 تحصیلوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے صوبے کی دیگر تحصیلوں کی طرح ستھراپنجاب پروگرام کاآغاز کر دیا گیا ہے اور اس پروگرام کے تحت جلد ہی پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے صفائی کے جامع نظام کو نافذ العمل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شکیل احمدنے وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام ستھرا پنجاب کے انتظامات بارے کمشنر آفس بہاول پور کے کانفرنس روم میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ، ڈپٹی کمشنربہاول پور ظہیر انور جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امیر تیمور، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ زمان وٹو، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اختر ملک، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کارپوریشن،بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلع کونسل کے آفیسرز اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر بہاول نگراور ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان شریک ہوئے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کی15 تحصیلوں اور362 یونین کونسلز میں مرحلہ وار ستھرا پنجاب پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں آؤٹ سورس ماڈل کے تحت صفائی کے نظام کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمہ جات مربوط حکمتِ عملی اپنائیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے بہاول پور ڈویژن کے 2863 دیہی علاقہ جات میں 360 مینجمنٹ کمیٹیاں صفائی ستھرائی کے امور کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کی54شہری یونین کونسلز اور308 دیہی یونین کونسلز میں صفائی ستھرائی کے نظام کے لیے ضروری مشینری کی خریداری اور عملہ کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔