ابوظبی میں حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے، ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی۔
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں آئل ٹینکرز دھماکے سے پھٹ گئے اور خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرونز کی وجہ سے ان دونوں مقامات پر آگ لگی، یہ ڈرونز اس علاقے میں گرے جس کے بعد آگ لگی۔
اماراتی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مصفح کے مقام پر تین فیول ٹینکر پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ائیرپورٹ کنسٹرکشن ایریا میں لگنے والی آگ میں اب تک کوئی نقصان سامنے نہیں آیا۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد میں دو بھارتی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے تا حال کسی کو واقعے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ہے اور نہ ہی آئل ٹینکرز پھٹنے کی وجہ سے آگاہ کیا گیا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظبی میں ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان کے مطابق امارات کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے اور جلد حملوں کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ نئے سال کے پہلے روز ہی حوثی باغیوں نے اسلحے کی ترسیل کا الزام عائد کرکے متحدہ عرب امارات کے یمن سے سعودی صوبے جازان جانے والے ایک مال بردار بحری جہاز کو ہائی جیک کرلیا تھا جب کہ امارات کا کہنا تھا کہ جہاز میں ایک اسپتال کے لیے ایمبولینس سمیت ضروری سامان تھا۔ یمن میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تنازع کی وجہ سے لاکھوں افراد قحط سالی کا شکار ہیں۔