اسلام آباد: سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت آج صبح 11:30 بجے کرے گا، رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے نئی کاز لسٹ جاری کر دی گئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کریں گے، اس حوالے سے سپریم کورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال آج معمول کے کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی طبیعت ناساز ہونے پر گزشتہ روز کیسز کی سماعت کرنے والا بینچ اچانک ڈی لسٹ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر تمام مقدمات کو بھی ڈی لسٹ کر دیا گیا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
ڈی لسٹ ہونے والے بینچ نے 12 اہم مقدمات کی سماعت کرنی تھی، بینچ نمبر ون ڈی لسٹ ہونے کے بعد بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔