Advertisements

جماعت اہلسنت اوچشریف کے زیر اہتمام سنی تربیتی کنونشن اور تقریب حلف برداری کا انعقاد

“Sunni Training Convention and Oath-Taking Ceremony Held Under the Auspices of Jamaat Ahl-e-Sunnat Uch Sharif”
Advertisements

مہمان خصوصی علامہ سید حامد سعید کاظمی نے جماعت اہلسنت کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا تقریب میں سجّادہ نشین مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کی بطور خاص شرکت،دین اسلام کی سر بلندی ،پاکستان کی سلامتی،ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی

اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ شریف میں جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام سنی تربیتی کنونشن اور تقریبِ حلف برداری شاہ جہاں میرج ہال میں نہایت عقیدت، جوش و خروش اور مذہبی ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعد مقررین نے اہل سنت کی دینی، فکری اور تنظیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں مرکزی تنظیمات اہل سنت پاکستان کے امیر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جماعت اہل سنت اوچ شریف کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

Advertisements

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل سنت کی جماعت کا بنیادی مقصد دین اسلام کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا، اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا اور معاشرے میں امن، محبت اور رواداری کا پیغام پھیلانا ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ تنظیمی نظم و ضبط اور اتحاد کے ذریعے جماعت کو مزید مضبوط بنائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجاہد اہل سنت مفتی رفیق احمد شاہ جمالی نے اکابرین اہل سنت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہل سنت کے اسلاف نے دین اسلام کی سربلندی اور عقیدہ اہل سنت کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن کی پیروی کرتے ہوئے موجودہ نسل کو بھی دین کی خدمت جاری رکھنی چاہیے۔ناظم نشر و اشاعت صوبہ پنجاب علامہ عبدالغفور سعیدی نے اپنے خطاب میں موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان جدید ذرائع ابلاغ کو دین اسلام کے پیغام، اخلاقیات اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔تقریب میں ڈویژن بہاولپور کی قیادت نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ حامد سعیدی نے اطاعت امیر کی اہمیت پر خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر محمد خواجہ حافظ محمد احمد القادری نے جماعت کے منشور اور مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عبدالشائق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دینی و سماجی خدمات کی ضرورت پر زور دیا۔ضلع بہاولپور کی قیادت میں علامہ مفتی جاوید مصطفیٰ سعیدی اور مفتی محمد عابد محمود چشتی سعیدی نے بھی خطاب کیا جبکہ تحصیل احمد پور شرقیہ سے مہر سعید احمد سعیدی، علامہ عبدالعزیز فیضی، ملک عبدالمصطفیٰ سعیدی اور پروفیسر شہزاد رفیق سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اوچ شریف کی معروف روحانی و دینی شخصیت مخدوم پیر سید افتخار الحسن گیلانی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت محبوب سبحانی نے خصوصی شرکت کی اور تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحاد امت اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ اس موقع پر آرگنائزر جماعت اہل سنت اوچ شریف علامہ طہٰ یٰسین سومرو نے جماعت کی گزشتہ ایک ماہ کی تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اہل سنت اوچ شریف نے 9 یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کر لی ہے جن میں اوچ گیلانی، اوچ بخاری، دھوڑکوٹ، بن والا، صادق آباد، بختیاری، رسول پور، کوٹ خلیفہ اور چناب رسول پور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جماعت کے پانچ اہم شعبہ جات ڈاکٹرز ونگ، یوتھ ونگ، وکلاء ونگ، تاجر ونگ اور علماء ونگ میں بھی تنظیم سازی مکمل کر لی گئی ہے۔

تقریب کے کامیاب انعقاد میں امیر جماعت اہل سنت اوچ شریف حاجی غلام یسین سومرو کی سرپرستی میں ناظم اعلیٰ چوہدری محمد فیاض سعیدی، چوہدری محمد عمران، حافظ غلام شبیر سعیدی، میاں آصف علی چشتی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر سرمد سلیم بھٹی سمیت دیگر کارکنان کی انتھک محنت شامل تھی، جس کے باعث یہ عظیم الشان پروگرام کامیابی سے منعقد ہوا۔