شوگر کرشنگ سیزن 2026-27: موٹروے پولیس متحرک، کسانوں اور ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کی آگاہی
ایس پی رانا محمد اسماعیل کا حادثات کی روک تھام، ٹریفک قوانین کی پابندی اور گنے کی محفوظ ترسیل یقینی بنانے پر زور
جن پور ( نامہ نگار) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر C-III رحیم یار خان کے زیرِ اہتمام سینئر کمانڈ کی ہدایات پر واہی جُمن شاہ میں شوگر کرشنگ سیزن 2026-27 کے پیشِ نظر موٹر سائیکل سواروں اور ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں کے لیے روڈ سیفٹی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، محفوظ سفر اور گنے کی محفوظ ترسیل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آگاہی سیشن کے دوران ٹریکٹر ٹرالیوں پر گنے کی محفوظ لوڈنگ، ریفلیکٹرز اور لائٹس کی تنصیب، کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کی ممانعت، لین ڈسپلن اور محفوظ اوورٹیکنگ کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور سائیڈ مررز کے استعمال سمیت قومی شاہراہ پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ انداز میں سڑک پر داخل ہونے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر کسانوں کو درپیش ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیونگ لائسنس کے مسائل کے حل کے لیے ڈی ایس پی ٹریفک رحیم یار خان کو بھی مدعو کیا گیا، جنہوں نے شرکاء کے سوالات اور تحفظات سنے اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق رہنمائی فراہم کی سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا محمد اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ شوگر کرشنگ سیزن کے دوران گنے کی ٹرانسپورٹ میں اضافے کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور حادثات کی روک تھام انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیورز گنے کی لوڈنگ مقررہ حفاظتی اصولوں کے مطابق کریں، ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز اور مناسب لائٹس نصب رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ اور سائیڈ مررز کا استعمال کریں، جبکہ ڈرائیونگ کے دوران تیز رفتاری، غیر محتاط اوورٹیکنگ اور دیگر خطرناک اقدامات سے گریز کریں۔ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے روڈ صارفین کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بھی ضروری ہےایس پی رانا محمد اسماعیل نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس دیہی علاقوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سرگرمیاں جاری رکھے گی تاکہ کسانوں، ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں، موٹر سائیکل سواروں اور دیگر مسافروں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کرکے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔۔۔۔

