لائبہ غفارکا اعزاز پنجاب یونیورسٹی کے بی ایس کمیونیکیشن اسٹڈیز (سیشن 2021-2025) کے دوران پہلی پوزیشن
صحافی و کالم نگار میاں عبدالغفار کی صاحبزادی کو یونیورسٹی گولڈ میڈل کے ساتھ ساتھ حمید نظامی گولڈ میڈل اور نسیم حجازی گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔
اوچ شریف (کرائم رپورٹر)
ممتاز صحافی و کالم نگار میاں عبدالغفار کی صاحبزادی لائبہ غفار کی غیر معمولی تعلیمی کامیابی پر اوچ شریف میں خوشی، فخر اور مسرت کی فضا قائم ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز میں بی ایس کمیونیکیشن اسٹڈیز (سیشن 2021-2025) کے دوران 4.00/4.00 سی جی پی اے کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرنا ایک تاریخی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔جامعہ کی 135ویں کانووکیشن کے موقع پر لائبہ غفار کو یونیورسٹی گولڈ میڈل کے ساتھ ساتھ حمید نظامی گولڈ میڈل اور نسیم حجازی گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔ تعلیمی حلقوں کے مطابق ایک ہی طالبہ کا بیک وقت تین نمایاں اعزازات اپنے نام کرنا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ انہوں نے نصابی، تحقیقی اور عملی میدان میں یکساں طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
ذرائع کے مطابق لائبہ غفار کا تحقیقی مقالہ جدید ڈیجیٹل میڈیا، سوشل کمیونیکیشن اور ذمہ دار صحافت جیسے اہم موضوعات پر مبنی تھا، جسے اساتذہ اور ماہرین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ مختلف سیمینارز، ورکشاپس اور میڈیا پراجیکٹس میں ان کی بھرپور شرکت نے انہیں اپنے شعبے میں ممتاز مقام دلایا۔ ان کی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور تعلیمی یکسوئی کو کامیابی کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔اس موقع پر اوچ شریف کی صحافتی برادری نے بھی بھرپور انداز میں مسرت کا اظہار کیا۔ میاں محمد عامر صدیقی، ارشاد احمد شاد، حبیب اللہ خان، شفیق انجم، اظہر مغل، جام رفیق احمد، ناصر حسین کلہوڑا ودیگر نے سینئر ورکنگ جرنلسٹ و کالم نگار میاں عبدالغفار کو ان کی صاحبزادی کی شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ صحافیوں کا کہنا تھا کہ لائبہ غفار کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے خطے کے لیے اعزاز ہے اور نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
علمی و ادبی شخصیات نے اس موقع پر کہا کہ دیہی پس منظر سے تعلق رکھنے والی طالبہ کا قومی سطح پر اتنا بڑا اعزاز حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور درست رہنمائی سے ہر خواب حقیقت بن سکتا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا تھا کہ لائبہ غفار نے اپنے والد اور اپنے شہر کا نام روشن کرتے ہوئے اوچ شریف کو تعلیمی میدان میں ایک نمایاں پہچان دی ہے۔
لائبہ غفار نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس کامیابی کا سہرا والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور مسلسل محنت کو جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں میڈیا ریسرچ اور اکیڈمک میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مثبت، باوقار اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں عملی کردار ادا کریں گی۔

