آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سری لنکن فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کی جی ایچ کیو میں ملاقات
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سری لنکن فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سری لنکن فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے ملاقات کی۔
دوران گفتگو سری لنکن آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، سری لنکن آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے جاری آپریشنز میں کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سری لنکا کے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک خاص طور پر دفاعی اور تربیتی شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سری لنکن فوج کے کمانڈر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کل ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ بھی دیکھیں گے۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر سری لنکن آرمی کے کمانڈر نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔