Contact Us

سپیڈو بسوں کے روٹ میں اضافہ کر کے اس کا دائرہ کارلال سہانرا، احمد پورشرقیہ اور یزمان تک بڑھایا جائے گا گورنر پنجاب

Speedo bus route to be extended

سپیڈو بسوں کے روٹ میں اضافہ کر کے اس کا دائرہ کارلال سہانرا، احمد پورشرقیہ اور یزمان تک بڑھایا جائے گا گورنر پنجاب —– مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ سے انتہائی مشکل حالات کے باوجود عوام کو ڈیلیور کر کے دکھایا ہےمحمد بلیغ الرحمن کا مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب

بہاول پور:26/جون ( )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی برسراقتدار آئی اس نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر بہاول پورکے عوام کے لئے بلاامتیاز ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا۔وہ آج یہاں سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ گذشتہ چار سال کے دوران بہاول پور کے ہسپتالوں میں مریض دوائیوں کی عدم دستیابی،گردوں کے مرض میں مبتلا مریض ڈائلاسز کے حوالہ سے ناپید طبی سہولیات، کینسر کے مرض میں مبتلا مریض دوائیوں کی عدم فراہمی اور سابقہ حکومت کی اس حوالہ سے عدم دلچسپی کی وجہ سے پریشان تھے۔ حکومت پنجاب نے موجودہ بجٹ میں تمام ہیلتھ فیسیلیٹیز پر عدم دستیاب طبی سہولیات میں اضافہ کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت سابقہ ادوار میں مفت ادویات فراہم کرتی رہی ہے لیکن سابقہ چار سالوں سے شعبہ ہیلتھ پر کوئی توجہ نہ دی گئی جس کے باعث طبی سہولیات ناپید ہوتی گئیں اور کینسر کے مرض میں مبتلا مریض بھی مہنگی ادویات کی خریداری کے باعث نہ صرف مقروض ہو گئے بلکہ بہت سے مریض ادویات خریدنے کی سکت نہ ہونے کے باعث اللہ کو پیارے ہو گئے۔حکومت پنجاب نے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کے لئے بھی دوائیوں کی فراہمی کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کہا کہ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلاایسے مریض جو کینسر کا شکار ہو جاتے ہیں ان کے لئے بون میرو ٹرانسپلانٹ ایک بہت مہنگا علاج ہے اور بہاول پور میں اس کے علاج کے لئے کوئی ادارہ نہیں تھا۔ اس صورتحال کو جانچتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی سابقہ حکومت نے بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لئے بہاول پور میں اربوں روپے سے پراجیکٹ شروع کیا لیکن اس منصوبے پر بھی سابقہ چار سالوں میں کوئی توجہ نہ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بہاول پور کے عوام کے لئے سپیڈو بسیں فراہم کیں جنہیں سابقہ حکومت کی ایما پر بہاول پور سے ڈیرہ غازیخاں منتقل کر دیاگیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی ہدایت پر ان سپیڈو بسوں کو نہ صرف واپس بہاول پور منتقل کر دیا گیا ہے بلکہ ان میں 8 مزید سپیڈو بسوں کا اضافہ بھی کیا گیا ہے اور اب ان سپیڈو بسوں کا فلیٹ 20 بسوں پر مشتمل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اب بہاول پور میں سپیڈو بسوں کے روٹ میں مزید علاقوں کا اضافہ کر کے اس کا دائرہ کارلال سہانرا، احمد پورشرقیہ اور یزمان تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بہاول پور سے جھانگڑہ شرقی تک موٹر وے انٹرچینج کا منصوبہ بھی میاں محمد نواز شریف کا تھا جوگذشتہ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث زیر التوا تھا لیکن اب اس منصوبے کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گااور بہاو ل پور کو درپیش تمام چھوٹے بڑے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ مشکل ترین حالات کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے چیلنج سمجھ کر یہ ذمہ داری قبول کی ہے اور موجودہ مہنگائی کی وجہ سے پیدا شدہ عوامی مشکلات کا مسلم لیگ (ن)کو مکمل طور پر ادراک ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اور اپنے ذاتی وگروہی اختلافات ومفادات سے بالاتر ہو کرملک و قوم کی فلاح وبہبود کے لئے فیصلے کرنے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ سے انتہائی مشکل حالات کے باوجود عوام کو ڈیلیور کر کے دکھایا ہے اور آئندہ بھی انشاء اللہ ڈیلیور کر کے دکھائیں گے۔

مزید پڑھیں