اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

عید قربان کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے خصوصی سیل پوائنٹس بنائے جائیں گے

special-sale-points-will-be-setup-for-animals-on-the-occasion-of-eid-ul-adha

عید قربان کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے ڈویژن بھر میں 21خصوصی سیل پوائنٹس بنائے جائیں گے کمشنر راجہ جہانگیر انور

بہاول پور:23/جون ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ عید قربان کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے ڈویژن بھر کے تینوں اضلاع میں 21خصوصی سیل پوائنٹس بنائے جائیں گے جن میں سے ضلع بہاول پور میں 10، ضلع بہاول نگر میں 5اور ضلع رحیم یار خاں میں 6مقامات پر خصوصی سیل پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں عید قربان کے موقع پر سیل پوائنٹس، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مویشیوں کی ویکسینیشن کے حوالہ سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں سید موسیٰ رضا، ڈپٹی کمشنر بہاول نگرکیپٹن (ر) محمد وسیم، اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن فیصل عطا خان اور سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید فروخت کے لئے قائم سیل پوائنٹس پر ضروری سہولیات بشمول جانوروں کے لئے چارہ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سایہ دار جگہ اور روشنی کے انتظام سمیت شہریوں کے لئے پبلک ٹوائلٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان خصوصی سیل پوائنٹس پر محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122، محکمہ پولیس اور محکمہ زراعت کے خصوصی سہولت کاؤنٹرز قائم کئے جائیں گے جہاں سے مویشیوں اور خریدو فروخت کے لئے آئے افراد کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس پر مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ویکسینیشن اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس گنجان آبادی والے علاقوں کی بجائے کچھ فاصلے پر کھلے علاقوں میں لگائے جائیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بھی متاثر نہ ہو۔

مزید پڑھیں