شعبہ اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے نواسے اور ممتاز آرٹسٹ میاں اقبال صلاح الدین کا اقبال کے تصورخودی کے موضوع پر خصوصی لیکچر
شعبہ اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام فکر اقبال لیکچرسیریز کے تحت علامہ اقبال کے نواسے اور ممتاز آرٹسٹ میاں اقبال صلاح الدین نے اقبال کے تصورخودی کے موضوع پر غلام محمد گھوٹوی ہال اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں خصوصی لیکچر دیا۔ انہوں نے اپنے خطبے میں علامہ اقبال کی شاعری اور ان کے افکار کے بارے میں طلباء وطالبات کو تفصیلی آگاہ کیا۔ میاں اقبال صلاح الدین نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں شعبہ اقبالیات کے قیام اور علامہ اقبال پر خصوصی لیکچر سیریز اور بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ایک تاریخی یونیورسٹی ہے اور وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب جس لگن سے یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں وہ قابل تعریف امر ہے۔ شعبہ اقبالیات کے سربراہ ڈاکٹر رفیق السلام نے مہمان مقرر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوقائم شدہ شعبے میں علامہ اقبال کی تعلیمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے میاں اقبال صلاح الدین کی جامعہ آمد اور ساتذہ اور طلباء طالبات کی فکری آبیاری کے لیے خصوصی گفتگو کو سراہا۔ اس موقع پر شعبہ اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور دبستان اقبال لاہور کے مابین علمی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے، تعلیمی اور انسانی حلاحیتوں کو قولی طور پر بروکار لانے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ دبستان اقبال لاہور کا قیام جنوری 2012میں عمل میں آیا اور اس ادارے کا مقصد اقبالیات میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرکے فکر اقبال کی روایات کو آگے بڑھانا ہے۔ ا س سلسلے میں سیمینار اور کتب کی اشاعت کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر میں حکیم امت کا پیغام پہنچایا جاتا ہے۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر سیمینار، کانفرنسز اور لیکچرز کا اہتمام کریں گے اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مستحق طلباء کی مالی مدد بھی کریں گے۔ معاہدے پر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور میاں صلاح الدین چیئرمین دبستان اقبال لاہور نے دستخط کیے۔