بہاول پور: 20/دسمبر حکومت پنجاب اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات لاہور مرزا شاہد سلیم بیگ کی ہدایات کے مطابق سنٹرل جیل بہاولپور میں اسیران کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں سنٹرل جیل بہاولپور اسیران کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لیے جیل ہذا میں والی بال میچ کا اہتمام کیا گیا جس میں اسیران نے بھرپور حصہ لیا۔ والی بال میچ میں شمولیت اختیار کرنے والے اسیران کو PSL ٹیمز کی طرز پر چار ٹیموں میں تقسیم کیا گیا جس میں سے ایک ٹیم ملتان سلطان، دوسری ٹیم لاہور قلندر، تیسری ٹیم پشاور زلمی اور چوتھی ٹیم کوئٹہ گلیڈئیٹرکے طر زپر 04 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔ چاروں ٹیموں کے میچ میں اسیران نے بہترین کھیل پیش کیا اور ان چاروں ٹیموں میں سے دو ٹیموں لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈئیٹر نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیموں نے میچ میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور لاہور قلندر ٹیم فاتح قرار پائی۔ جس پر اسیران کی حوصلہ افزائی کے لیے مہمان خصوصی سپرنٹنڈنٹ جیل بہاولپور نے فاتح ٹیم کے لیے ٹرافی اور تین ہزار روپے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے لیے بھی ٹرافی اور دو ہزار روپے دیئے۔یہ تقریب خوشگوار طریقہ سے اختتام پزیر ہوئی۔