بہاول پور:18/جون ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہیں اور ان کی زندگی میں ہر قسم کے حالات کا زندہ دلی سے سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ساؤتھ پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا،ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد عامر حمید، آرگنائزنگ سیکرٹری شیخ محمد اقبال الرحمن اور محمد ارشاد علی قریشی سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران، کھلاڑی اور شائقین کھیل کثیر تعداد میں موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کے سپوتوں نے ہمیشہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و ملت کا نام روشن کیا ہے۔ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو نکھارنے اور کھیلوں سے وابستہ ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر نوجوانوں کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوئی ہے اور یہ بات اس کا واضع ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے اس طرح صحتمندانہ اور شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ٹورنامنٹس منعقد کرائے جائیں گے۔ دریں اثناء ساؤتھ پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کی ونر اور رنر اپ ٹرافیوں کی رونمائی بھی کی گئی۔یاد رہے کہ ساؤتھ پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں جنوبی پنجاب کی 12 فٹ بال ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ضلع رحیم یار خاں اور ضلع راجن پور کے مابین کھیلا گیا جوضلع رحیم یار خاں کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔