وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب میں جیلوں کی سولرائزیشن، 35 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ لگایا جائے گا
وزیراعلیٰ آفس میں مفاہمت کی یادداشت پردستخط کرنے کی تقریب، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے
جیلوں کو انرجی سروس کمپنی ماڈل کے تحت سولر توانائی پر منتقل کیا جائے گا، بجلی بلوں کی مد میں ادا کی جانے والی خطیر رقم کی بچت ہوگی
لاہور12 جنوری: بزدار حکومت جدت کی راہ پر تیزی سے گامزن، وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب میں جیلوں کی سولرائزیشن کا آغاز، جیلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کیلئے 35 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس میں سولر پاور پلانٹ لگانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر آج دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ پنجاب کی جیلوں کو انرجی سروس کمپنی ماڈل کے تحت سولر توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ محکمہ جیل خانہ جات، پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی اورٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان کے مابین جیلوں کو انرجی سروس کمپنی ماڈل کے تحت سولرائزڈ کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سولرائزیشن سے جیلوں میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ جیلوں میں بجلی کے بلوں کی مد میں ادا کی جانے والی خطیر رقم کی بچت ہوگی اور سولرائزیشن سے جیلوں کے سکیورٹی امور میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں یونیورسٹیوں کی سولرائزیشن کے پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ دیگر تعلیمی اداروں کی سولرائزیشن کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ سکولوں اور بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایم او یو پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ، ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر جاوید اور پنجاب انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالرحمان نے دستخط کئے۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری آبپاشی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔