ناردرن سوئی گیس پائپ لائنز بہاولپور کا گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری گیس چوری کے 26 کیس پکڑے گئے
بہاول پور ( )سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز بہاول پور کا گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاون جاری۔ وزارتِ پٹرولیم کی ہدایت پر بہاول پور ریجن میں گیس چوروں کیخلاف مہم میں اور تیزی آ گئی ہے۔ محکمہ سوئی گیس بہاول پور کے ریجنل منیجر رومان عمر کی طرف سے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس ٹیموں نے سینئر انجینئر ظہیر عباس اور ایگزیکٹو انجینئر محمد علی ذوالقرنین کی زیر نگرانی ریجن میں ہفتہ کے روز بھی کارروائیاں جاری رکھی گئیں جن میں گیس چوری اور خلاف ضابطہ 26 عدد کیس پکڑ لئے اور 25 عدد میٹرز منقطع بھی کر دیئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تحصیل چشتیاں کے علاقہ بغداد کالونی گلی نمبر 3 میں پولیس اور میڈیا کی موجودگی میں عبدالغفار نامی شخض کو 1-1/4 انچ گیس لائنز کو ٹیمپر کر کے ڈائریکٹ پائپ (بائی پاس)لگا کر گیس چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا جبکہ تین اور گھروں میں بھی اِس بائی پاس سے لالھوں روپوں کی گیس چوری کر رہے تھے۔ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اِسی طرح دوسری کارروائی میں صادق آباد کے علاقہ حیدر کالونی سے گیس کی پائپ لائن سے ڈائریکٹ گیس چوری کرتے ہوئے ایک شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جس کے قبضہ سے گیس چوری کا سامان و پائپ بھی موقع پر ضبط کر لئے گئے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ اِس موقع پر ریجنل منیجر سوئی گیس بہاول پور رومان عمر نے کہا کہ گیس چوروں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، گیس چوری میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ گیس چوری کی اطلاع فوری طور پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔ ریجنل منیجر نے یہ بھی واضح کیا کہ چند روز قبل دو سوئی گیس کے گھریلو صارفین کے کنکشن منقطع کئے جا چکے ہیں، کمپریسر کا استعمال خطرناک اور غیر قانونی ہے اور اِس بابت بھی کارروائیاں جاری ہیں۔جبکہ گیس چوری کی اطلاع 1199پر بھی دی جا سکتی ہے۔