Advertisements

بہاول پور ضلع میں عید الاضحی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے چھ مقامات مختص

DC Dr Farhan Faroooq
Advertisements

تحصیل احمد پور شرقیہ کے لیے رہبر پٹرول پمپ کے قریب کے ایل پی روڈ پر پوائنٹ قائم کیا گیا ہے

عید الاضحی کے سلسلے میں انتظامات بارے جائزہ اجلاس, ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال شریک ہوئے

Advertisements

بہاول پور:29/مئی :بہاول پور ضلع میں عید الاضحی کے سلسلے میں مجموعی طور پرجانوروں کی خرید و فروخت کے لیے چھ مقامات مختص کیے گئے ہیں جن میں بہاول پور شہر کے لیے جج والی پُلی (جھانگی والاروڈ) اور یزمان روڈ پر ششماہی کینال شامل ہیں جبکہ تحصیل احمد پور شرقیہ کے لیے رہبر پٹرول پمپ کے قریب کے ایل پی روڈ پر پوائنٹ قائم کیا گیا ہے۔

یزمان میں چک نمبر102ڈی پی قینچی موڑ، حاصل پور میں نیو بس اسٹینڈ نزد ریسکیو آفس بہاول پور روڈ اور خیر پور ٹامیوالی میں جنرل بس سٹینڈ پر جانوروں کی خرید وفروخت کے پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ عید الاضحی کے دوران شہریوں کو صفائی ستھرائی کی مثالی سروسز کی فراہمی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ تفصیلات عید الاضحی پر صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ضلع بھر میں جانوروں کی آلائشوں کو بروقت تلف کرنے کے حوالہ سے بہاول پور اور تحصیلوں میں عیدالا ضحٰی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتائی گئیں جس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈی پی او بہاول پورحسن اقبال شریک ہوئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،اسسٹنٹ کمشنرز سمیت کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں اور بالخصوص سایہ دار جگہ کی فراہمی، ٹھنڈے اور صاف پانی کی دستیابی، جانوروں کے لیے ماہر حیوانات کی موجودگی اور ضروری ادویات کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں مویشی پال حضرات کو نقلی کرنسی سے بچاؤ کے لیے ڈیجیٹل طریقہ کار اپنانے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کی ہیلپ لائن1233پر شکایات کی صورت میں رابطہ کرسکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید الاضحی کے ایام میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بی ڈبلیو ایم سی کے افسران اور سٹاف اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے بی ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن1139 اور کنٹرول روم کو بھی فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی اور جگہ پرجانوروں کی خرید وفروخت ممنوع ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال نے کہا کہ تحصیلوں میں تمام ڈی ایس پی اور اے ایس پیز متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں دن میں متعدد بار مویشی منڈیوں کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ زائد ستانی کی شکایت کی صورت میں فی الفور قانونی کارروائی کی جائے۔