چنی گوٹھ (نامہ نگار) معروف مذہبی سکالر پیر سید محمد شاہ جرار نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ جو شخص کسی غیر مسلم کا بلا وجہ قتل کرے گا قیامت کے دن میں اس کا وکیل بنوں گا۔ پیر سید محمد شاہ جرار نے کہا کہ سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری مینجر کا بے دردی سے قتل پاکستان کی بدنامی کا باعث ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے سانحہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی قابل افسوس اور اسلام و شرف انسانیت کی توہین ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کو مزید زہر اگلنے کا موقع ملے گا۔ سیالکوٹ واقعہ کا اسلام اور دینی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کے روز جامعہ قاسمیہ ختم نبوت چوک میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔