احمد پور شرقیہ کے رہائشی نیوز ایڈیٹر شیراز درانی جنرل منیجر پی ٹی وی ملتان مرکز تعینات
شیراز درانی جنوری 2008 سے پی ٹی وی ملتان مرکز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں
ادارہ روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ کی ترقی ياب ہونے پر شیراز دُرّانی کو مبارکباد اورنیک خواہشات کا اظہار
ملتان : پاکستان ٹیلیویژن منیجمنٹ نے احمد پور شرقیہ کے رہائشی نیوز ایڈیٹر شیراز درانی کو جنرل منیجر پی ٹی وی ملتان مرکز تعینات کردیا شیراز درانی کو کل مورخہ 20 دسمبر کو اپنے عہدے کا چارج دے دیا گیا ہے شیراز درانی جنوری 2008 سے پی ٹی وی ملتان مرکز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں- انہوں نے گزشتہ سترہ سال کے دوران وی وی آئی پیز کے جنوبی پنجاب کے دوروں، سیاسی جلسے جلوسوں، زراعت، معیشت، کھیلوں سمیت مختلف اہم امور کی لائیو کوریجز کرتے ہوئے خوب نام کمایا انہوں نے تاریخ و ادب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک اہم امور پر نیوز پیکجز کے ذریعے خطہ جنوبی پنجاب کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ناصرف اہم کردار ادا کیا بلکہ ریاستی بیانیے کو بھی بہتر انداز میں پیش کیا
شیراز درانی کا شمار پاکستان ٹیلیویژن نیوز کے کہنہ مشق رپورٹروں میں ہوتا ہے -شیراز درانی نے اپنی تعیناتی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات و ایم ڈی پی ٹی وی عنبرین جان ایگزیکٹو ڈائریکٹر دانیال گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی ملتان مرکز سے مقامی ٹیلنٹ کو صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے- شیراز درانی نے کہا کہ پی ٹی وی نیشنل ملتان کی نشریات کا دائرہ کار وسیع کرنا اور شعبہ مارکیٹنگ کو فعال بناکر ادارے کی آمدنی میں اضافہ یقینی بنانا انکی ترجیحات میں شامل ہے ادارہ روزنامہ نوائے احمدپورشرقیہ نے ترقی ياب ہونے پر شیراز دُرّانی کو مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے