آ ر پی او بہاول پور شیر اکبر کی تحصیل لیول پر احمد پور شرقیہ میں پہلی کھلی کچہری
آ ر پی او بہاول پور شیر اکبر کی تحصیل لیول پر احمد پور شرقیہ میں پہلی کھلی کچہری، ہم شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں۔آر پی او
بہاول پور: تفصیل کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت پر ریجنل پولیس آفیسربہاول پور شیر اکبر نے تحصیل احمد پور شرقیہ تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ میں کھلی کچہر ی کا انعقاد کیا۔جس میں تحصیل احمد پور شرقیہ کے شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔آرپی او نے کھلی کچہری میں آئے تمام شہریوں کے مسائل کو فرداً فرداً سنااور ان کی درخواستوں پرمتعلقہ افسران کو میرٹ پرفوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا۔آر پی او شیر اکبر نے کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو عزت دینا پولیس کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی فرض ہے۔ہماری پالیسی کی اہم کڑی خواتین اور بچوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے تمام ا ضلاع میں انٹی وومن حراسمنٹ سیل بھی بنائے جا چکے ہیں جہاں لیڈیز پولیس آفیسرز تعینات کر دی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ زینب الرٹ ایپ بھی متعارف کروائی جا چکی ہے جس کے استعمال سے آپ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی،گمشدگی اور بچوں کے اغواء کے واقعات رونما ہونے پربا آسانی پولیس کی بروقت خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن،اختیارات سے تجاوز اور عوام الناس کے ساتھ بداخلاقی کی صورت میں زیر و ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہو گا۔کسی بھی شہری کے جائز مسائل حل کرنے میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔آر پی او آفس کے دروازے آپ لوگوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں کوئی بھی شخص اپنے جائز مسئلہ جس پر مقامی پولیس قانونی کارروائی نہ کر رہی ہو میرے پاس آ سکتا ہے۔جھوٹی اور بے بنیاد دراخوستیں دینے والے عناصر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے آج تحصیل لیول پرپہلی کھلی کچہری یہاں کی گئی ہے،ہم شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں۔ کرپٹ افسران اپنا قبلہ درست کرلیں،محکمہ میں موجود برے لوگوں کو نہیں چھوڑوں گاجو کہ انصاف کا قتل کر رہے ہیں۔ہر کام میرٹ پر ہوگا اور سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوگا۔اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور محمد فیصل کامران اور ایس ڈی پی او احمد پور شرقیہ آصف رشید بھی موجود تھے۔ڈی پی او محمد فیصل کامران نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او آفس بہاولپور میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے،جس میں ضلع بہاولپور کے شہری اپنے مسائل کے لئے کسی بھی وقت آسکتے ہیں۔