اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ماہ شوال 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت پاکستان میں 10 اپریل کو عید الفطر منائی جائے گی۔ ملک میں شوال المکرم (عید الفطر) کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں معاونت کے لیے محکمہ موسمیات، سپارکو، سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ کراچی، کوئٹہ، پشاور، لاہور میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ارسال کیں کراچی، کوہلو، پنجاب، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ کراچی، دیر، مہمند سمیت دیگر علاقوں میں ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ 10 اپریل بروز بدھ کو پاکستان میں عید الفطر منائی جائے گی۔ چاند کے اعلان کے ساتھ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے دہشت گردی سے نبردآزما پاک فوج کے جوانوں اور قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا، اختتام پر انہوں نے وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے دعا بھی کروائی۔ مولانا عبدالخبیر نے دعا کروائی کہ وزیراعظم نے جو حالیہ سعودی عرب کا دورہ کیا اُس کو کامیاب رہا۔