Advertisements

ضلع بہاولپور میں وائرل امراض میں تشویشناک اضافہ 

Advertisements

 اداریہ21 نومبر 2025

موسم کی اچانک تبدیلی نے پورے ضلع بہاولپور میں شہریوں کی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں نزلہ، کھانسی، بخار اور سانس کی وائرل بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ احمدپور شرقیہ، اُچ شریف، چنی گوٹھ، خیرپور ٹامیوالی، حاصِل پور، یزمان اور دیگر قصبات و دیہی علاقوں میں سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ بچوں اور بزرگوں میں موسمی وائرل امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

Advertisements

طبی ماہرین کے مطابق خشک اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ درجہ حرارت میں اچانک کمی گلے اور سانس کی نالی کو زیادہ متاثر کرتی ہے، جس کے نتیجے میں نزلہ زکام، کھانسی، الرجی اور تیز بخار کے کیسز بڑھ گئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرم کپڑوں کا استعمال کریں، ٹھنڈی اشیاء اور مشروبات سے پرہیز کریں، زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری طور پر بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ بنیادی مراکز صحت میں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، ضروری ادویات کی فوری و اضافی فراہمی کا انتظام کیا جائے، اور ضلع بھر میں موسم سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے۔ موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ضلعی انتظامیہ بروقت اقدامات کرتے ہوئے عوام کو وائرل بیماریوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے محفوظ رکھے