کینیڈا اور برطانیہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد مسلسل عوام کی خوشی، غمی میں برابر شریک ہوں پرنس بہاول عباسی
امیر آف بہاول پور کے ولی عہد پرنس بہاول خان عباسی نے چونگی گل پور میں سید ہاشم شاہ کے والد قربان پٹواری، غلام مصطفی اور یونس کے بھتیجے،بستی مہراں میں مہر عیسیٰ کی بھاوج اور محلہ قصاب میں محمد طارق کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے رنج وغم کا اظہار
ڈیرہ نواب صاحب(حمیداللہ خان عزیز سے)امیر آف بہاول پور کے ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا ہے کہ میرے عظیم اسلاف نے اپنے دور حکمرانی اور اس کے بعد پاکستان کے لئے اپنا تخت وتاج قربان کرنے کے بعد بھی بہاول پوری عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک رہے ہیں،جس کی بناء پر آج بھی عوام نواب سر صادق محمد خان عباسی مرحوم کی دل وجان سے قدر کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ قصاب ڈیرہ نواب صاحب میں محمد طارق کے والد،بستی مہراں میں مہر عیسیٰ کی بھاوج،چونگی گل پور میں قربان پٹواری،غلام مصطفی اور یونس سے ان کے بھتیجے اور چونگی گل پور میں سید ہاشم شاہ کے والد کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔پرنس بہاول عباس خان عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کینیڈا اور برطانیہ سے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے براہ راست عوامی رابطہ استوار کیا ہے اور ان کی خوشی وغم میں برابر کے شریک ہو رہے ہیں،انہوں نے اپنے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ تازیست عوام کی خدمت کرتے اور ان کی خوشی وغمی میں شریک رہیں گے۔