گریٹر تھل کینال میں رکاوٹیں حائل کی جا رہی ہیں شہباز شریف اپنے اتحادیوں کی خاطر پنجاب کے کاشتکار اور کسانوں کے ساتھ ظلم پر اتر آئے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور9دسمبر:-وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ شہباز شریف پنجاب دشمنی میں حدیں عبور کرچکے ہیں۔شہباز شریف اپنے اتحادیوں کی خاطر پنجاب کے کاشتکار او رکسانوں کے ساتھ ظلم پر اتر آئے ہیں۔گریٹر تھل کینال کے بارے میں اہم بیان میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ گریٹر تھل کینال معاہدے پر 13دسمبر تک دستخط نہ ہوئے تو معاہدہ ازخود ختم ہوجائے گا۔گریٹر تھل کینال پراجیکٹ ایکنک سے منظور کرایا گیا اور اے ڈی بی معاہدے پر دستخط کی حتمی تاریخ 13دسمبر 2022ہے،ابھی تک وفاق کی طرف سے پیشرفت نہ ہونا افسوسناک ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ایکنک کے اجلاس میں پنجاب نے سندھ کے اعتراضات اعدادوشمار کے ساتھ دور کئے۔گریٹرتھل کینال فیز I کی تعمیر ومرمت اور بحالی بھی کی جانی تھی۔گریٹر تھل کینال کا فیز II بننے سے مجموعی طورپر6 لاکھ ایکڑ اراضی کی کاشت کے لئے مزید پانی میسر ہوگا۔گریٹر تھل کینال میں صرف پنجاب کے حصے کا پانی ہوگا کسی اور صوبے کا نہیں،بصورت دیگر یہ پانی سمندر میں چلا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ 1991واٹر اکارڈ کے تحت گریٹر تھل کینال کے نام کے ساتھ پانی مختص کیا گیا ہے۔1991 کے آبی معاہدے کے تحت بلوچستان کے لئے کچھی کینال اور سندھ کے لئے رینی کینال کا منصوبہ بن چکا ہے۔خیبر پختونخوا کے لئے چشمہ رائیٹ بینک کینال بھی منظور ہوچکا ہے۔پنجاب دشمنی میں گریٹر تھل کینال کی تکمیل میں رکاوٹیں حائل کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایاکہ2007سے گریٹرتھل کینال کامنصوبہ سردخانے میں تھا،پی ٹی آئی حکومت نے بحال کرایا او رفنڈز کا انتظام کیا۔گریٹر تھل کینال پراجیکٹ پر لون کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے معاہدے پر دستخط ہونے باقی ہیں۔13دسمبر تک اگر گریٹر تھل کینال معاہدے پر دستخط نہ ہوئے تو ایشین ڈویلپمنٹ بینک لون ایگریمنٹ کی مدت ختم ہوجائے گی۔ ایکنک کے موجودہ اجلاس میں فلڈ بحالی کے لئے سب صوبوں کے منصوبے ہیں،پنجاب کا ایک بھی پراجیکٹ نہیں،یہاں تک کہ پنجاب کو وفاق کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے ایک پائی تک نہیں دی گئی۔