شہباز شریف تین روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے —— ترک سرمایہ کار پاکستان میں وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں: وزیراعظم
منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزرا، معاونین خصوصی اور اعلی سطحی حکومتی وفد بھی ان کے ہمراہ ترکی پہنچا ہے۔انقرہ ائیرپورٹ پروزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
دورے میں وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امورپرتبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم اور ترک صدر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات ہوگی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکی کے ممتاز کاروباری افراد بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں (75) ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، ترک سرمایہ کار پاکستان میں وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ عوام کا ملک ہے جو ترک سرمایہ کاروں کیلئے اہم مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان اور ترکی باہمی مفادات کےتمام معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کےاصولی موقف کی حمایت پر ترک قیادت کے مشکور ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں۔