Contact Us

اسمبلیوں کی تحلیل چند روز میں متوقع ہے , عمران خان نے فیصلہ کرلیا : شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi Press Conference

لاہور:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے فیصلہ کرلیا ہے اور پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں متوقع ہے، عام انتخابات ہی تمام ملکی مسائل کا حل ہیں۔

لاہور میں شیریں مزاری، فواد چودھری اور اسد عمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج چیئرمین نے سنیئر لیڈرشپ کا اجلاس بلایا تھا، 26 نومبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، صدر مملکت نے فاصلوں کو کم کرنے کی کوشش کی، حکومت سے معاملات پر پیشرفت نہ ہوسکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پھر خیبرپختونخوا، پنجاب کی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا، قومی اسمبلی سے ہمارے ممبران پہلے ہی باہر آچکے ہیں، عمران خان نے آج کی میٹنگ میں ہمیں مشاورت سے آگاہ کیا، عمران خان نے کہا مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اسمبلیوں کی تحلیل اگلے چند روز میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا میں ماہ رمضان سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خواہش ہے اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر نہ کی جائے، سب نے عمران خان کے موقف کی تائید کی ہے، موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، حکومت تاجر طبقے کا اعتماد کھو چکی ہے، ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہورہی، معیشت مسلسل تنزلی کی طرف جارہی ہے، ہر شعبے میں تنزلی کا سلسلہ جاری ہے، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کا موقف سب کے سامنے آچکا ہے، پی ٹی آئی قیادت نےعمران خان کو اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار دیا ہے، ہماری خواہش ہے رمضان سے پہلےصوبوں میں نئی حکومتیں بن جائیں۔

مزید پڑھیں