احمدپورشرقیہ میں سیوریج کا سلگتا ہوا مسئلہ
بارہ جولائی 2025
احمدپورشرقیہ شہر اس وقت ایک سنگین شہری بحران کا شکار ہے، اور وہ ہے سیوریج نظام کی تباہ حالی۔ گلیوں میں گندا پانی جمع ہے، گٹر اُبل رہے ہیں، اور تعفن سے شہریوں کا جینا محال ہو چکا ہے۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف روزمرہ زندگی مفلوج ہو چکی ہے بلکہ صحتِ عامہ کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ میونسپل کمیٹی احمدپورشرقیہ کی کارکردگی اس اہم مسئلے کے حل کے حوالے سے نہایت مایوس کن ہے۔ گٹروں کی صفائی، نکاسی آب کا بندوبست، اور سیوریج لائنوں کی مرمت جیسے بنیادی کام مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ اس غفلت کے نتیجے میں شہری بیماریوں، بدبو، اور ذہنی اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔ احمدپورشرقیہ کے باسیوں نے بارہا احتجاج کیا، شکایات درج کرائیں، اور مختلف ذرائع سے اپنی آواز بلند کی، مگر تاحال کوئی خاطر خواہ عملی اقدام دیکھنے کو نہیں ملا۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور احمدپورشرقیہ کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دیں جو نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لے اور بہتری کے لیے فوری اقدامات کرے۔ میونسپل کمیٹی احمدپورشرقیہ کو ہدایت کی جائے کہ وہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی، گٹر لائنوں کی مرمت، اور نکاسی آب کی روانی کو یقینی بنائے۔ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مقامی سطح پر شکایات سیل قائم کیا جائے جس کی نگرانی براہِ راست ضلعی انتظامیہ کرے۔ احمدپورشرقیہ کے عوام کو مزید انتظار کی زحمت نہ دی جائے۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو انتظامی غفلت نہیں بلکہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کا متقاضی ہے۔ امید ہے کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور فوری طور پر اس صورتِ حال کا سنجیدہ نوٹس لیں گے اور مستقل حل کے لیے عملی قدم اُٹھائیں گے