موضع نوناری 6800 ایکڑ پر مشتمل اشتمال ریکارڈ میں سنگین بے ضابطگیوں اور جعل سازی کا سلسلہ گزشتہ تین دہائیوں سے جاری ملک خلیل احمد وارن
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف وہ موضع نوناری کے فالج زدہ ریکارڈ کو دفنانے کی کوششوں کو فوری طور پر روکیں اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کریں سابق کونسلر کا مطالبہ
خیرپور ڈاہا + مبارک پور( ملک شکیل وارن + شیرازحیدرخان سے) یونین کونسل نوناری کے سابق کونسلر ملک خلیل احمد وارن نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ موضع نوناری تحصیل احمد پور شرقیہ، ضلع بہاولپور کے 6800 ایکڑ پر مشتمل اشتمال ریکارڈ میں سنگین بے ضابطگیوں اور جعل سازی کا سلسلہ گزشتہ تین دہائیوں سے جاری ہے، اور اب ایک بار پھر افسران کی ملی بھگت سے ریکارڈ دفنانے کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔
ملک خلیل احمد وارن نے بتایا کہ موضع نوناری میں 85-86 کی جمنبدی کے بعد عمل کو “استعمال کی خاطر” روک دیا گیا۔ بعدازاں 7 جنوری 1993 کو زمینداروں کی مشاورت کے ساتھ اشتمال کا عمل دوبارہ شروع ہوا، جو کہ 15 جون 2017 کو 25 سال بعد مکمل اور کنفرم قرار دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سی پیک منصوبہ موضع سے نہ گزرتا تو یہ جھوٹ اور کرپشن پر مبنی کارروائی بدستور چلتی رہتی۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس دوران مختلف پٹواریوں، گردآوروں اور سی اوز (اشتمال افسران) نے بالا افسران کے دباؤ پر جھوٹے ریکارڈ پر دستخط کیے۔ اب 32 سال بعد ایک بار پھر موضع کو اشتمال سے نکال کر "مال” میں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ زمینوں کی بندر بانٹ کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا سکے۔
ملک خلیل وارن کے مطابق، موضع میں 800 ایکڑ سے زائد زمین کی ڈبلنگ میں 9 کنال سے 15 کنال تک کے بلاکس بنائے گئے جو نہ موقع کے مطابق ہیں، نہ مساوی، بلکہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ونڈہ جات کٹنگ زدہ اور مسلِ حقیقت نامکمل ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں درجنوں جائیدادی جھگڑے شروع ہو چکے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ جعلی ریکارڈ اوپن کر دیا گیا تو علاقے میں افراتفری، قتل و غارت اور عدالتی مقدمات میں اضافہ ہو جائے گا۔اشتمال کا مقصد لوگوں کے درمیان زمینوں کے جھگڑے ختم کرنا ہوتا ہے، مگر یہاں الٹا لوگوں کی زندگیاں عدالتوں میں ضائع ہو جائیں گی۔
”ملک خلیل احمد وارن نے کہا کہ ماضی میں جن افسران نے جھوٹے ریکارڈ تیار کر کے ظلم کیا، وہ یا تو ریٹائرڈ ہو چکے ہیں یا دنیا سے رخصت۔ لیکن ان کے فیصلوں کی سزا آج بھی غریب کاشتکار بھگت رہے ہیں۔انہوں نے سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو لاہور، ممبر اشتمال لاہور، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ وہ اشتمال کے ریکارڈ کی مکمل تصحیح، ڈبلنگ کی درستگی اور کٹنگ زدہ ونڈہ جات کی اصلاح کے لیے فوری طور پر شفاف انکوائری کروائیں۔آخر میں ملک خلیل احمد وارن نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے پُرزور اپیل کی کہ وہ موضع نوناری کے فالج زدہ ریکارڈ کو دفنانے کی کوششوں کو فوری طور پر روکے، متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرے اور کسانوں کو انصاف فراہم کرے، تاکہ عوام بد دعائیں نہیں بلکہ دعائیں دیں۔”

