صحافیوں کے لیے علیحدہ اینڈومنٹ فنڈ کا قیام: وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی
خیبر پختونخوا حکومت کا اینڈومنٹ فنڈ میں اضافہ، ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے تیس کروڑ روپے مختص
پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے پشاور میں صحافیوں کے لیے علیحدہ اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی اور میڈیا برادری کی بہبود کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔
سب سے نمایاں اعلان یہ رہا کہ خیبر پختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر اینڈومنٹ فنڈ کو بیس کروڑ روپے سے بڑھا کر پچاس کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے تیس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے سالِ رواں کے بجٹ میں صحافیوں کے لیے بلا سود قرضوں کی مد میں ایک ارب روپے، میڈیا کالونیوں کی فزیبلٹی و ڈیزائن کے لیے پچاس کروڑ روپے، نئی پریس کلب عمارت کی تعمیر کے لیے پندرہ کروڑ روپے، اور شعبہ اطلاعات میں جدت کے لیے دس کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی تصدیق کی۔
انہوں نے حکومتی اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کو صحافیوں کی تنخواہوں، بقایا جات اور کم از کم اجرت کی پابندی سے مشروط کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود اور کام کے حالات میں بہتری حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نئے میڈیا انکلیو منصوبے پر صحافیوں سے مشاورت اور ان کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت کی۔
ماخذ: رپورٹس
خیبرپختونخوا #صحافی #پریسکلب #اینڈومنٹفنڈ #صحافیوںکی فلاح #وزیراعلیسہیلآفریدی #JAP #پاکستان_صحافت

