سینئر میونسپل آفیسر اوچشریف قاضی محمد نعیم کی ریگولر بنیاد پر گریڈ 16 میں ترقی
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب شکیل احمد میاں نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا،
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر اوچ پریس کلب ،سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین کی قاضی محمد نعیم کو ترقی یابی پر مبارکباد
اوچ شریف (نامہ نگار) اکاؤنٹنگ اور منیجمنٹ کے شعبہ میں تدریسی فرائض سرانجام دینے والے سابق استاد، محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کے میونسپل آفیسر (فنانس) قاضی محمد نعیم کو گریڈ 16 میں ترقی دے دی گئی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب/ چیئرمین لوکل گورنمنٹ بورڈ مسٹر شکیل احمد میاں نے ریگولر بنیادوں پر قاضی محمد نعیم کی گریڈ 16 میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جب کہ ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے تحت انہیں گریڈ 16 میں پروموشن کے بعد اپنی موجودہ جائے تعیناتی میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں سرکاری امور جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قاضی محمد نعیم متعدد مرتبہ مستقل اور عارضی بنیادوں پر چیف آفیسر کے منصب پر بھی امور سرانجام دیتے رہے۔ جب کہ تحصیل احمد پور شرقیہ میں اشیائے خور و نوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے آپ بطور سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں، کورونا وائرس کی وباء کے دوران فرنٹ لائن پر مثالی فرائض منصبی کی ادائیگی اور اعلیٰ کارکردگی پر آپ کو گورنر پنجاب کی طرف سے خصوصی ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ گزشتہ سال 2025ء میں آنے والے تباہ کن سیلابی صورتحال میں بھی آپ کی انتظامی خدمات کو حکومتی حلقوں اور اعلیٰ حکام کی طرف سے سراہا جاتا رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ محمد نوید حیدر، شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی تنویر احمد مدنی، صدر اوچ پریس کلب ارشاد احمد شاد، صدر اوچ سول سوسائٹی و انجمن تاجران محمد عمر خورشید سہمن، صدر جماعت اہل سنت و ممبر ضلعی امن کمیٹی حاجی غلام یٰسین سومرونے قاضی محمد نعیم کو ترقی یاب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

