چنی گوٹھ: سنیٹر عون عباس بپی سمیت تقریباً پچاس کے قریب پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ چار مظاہرین گرفتار
عمران خان کے حق میں اور حکومت کے خلاف ریلی نکالنے ، نیشنل ہائی وے روڈ بلاک کرنے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے پولیس وین کی توڑ پھوڑ کرنے کے الزامات
چنی گوٹھ (نامہ نگار صدر پاکستان تحریک انصاف ساؤتھ پنجاب سنیٹر عون عباس بپی سمیت تقریباً پچاس کے قریب پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف عمران خان کے حق میں اور حکومت کے خلاف ریلی نکالنے ، نیشنل ہائی وے روڈ بلاک کرنے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے پولیس وین کی توڑ پھوڑ کرنے پر چنی گوٹھ پولیس نے مقدمہ درج کر کے چار مظاہرین کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان پولیس کو دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ تفصیل کے مطابق مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ پی ٹی آئی کے سنیٹر عون عباس بپی ، مظاہر حسین نقوی ، محمد اسماعیل ، راجہ سلیم ، ابرار حسین ، صبیح الحسن نقوی ، گل باز ، احتشام ، سردار احمد ، اور چالیس کے قریب نامعلوم افراد ترنڈہ محمد پناہ کی طرف سے ریلی کی شکل میں آئے جنہوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے ، انہوں نے آتے ہی تھانہ چنی گوٹھ کے علاقہ اڈہ مہند شریف کے قریب کاریں اور ویگنیں کھڑی کر کے نیشنل ہائی وے بلاک کر دی۔ مظاہرین نے عمران خان کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ، چنی گوٹھ پولیس وین بھی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی ، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور پولیس وین کے شیشے توڑ ڈالے ، اسی دوران پولیس نے چار مظاہرین صبیح الحسن نقوی ، گل باز ، احتشام اور سردار احمد کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر مظاہرین اپنے بینر اور جھنڈے اٹھا کر دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔