گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج میں ٹریفک ڈرائیونگ سکول و ٹریفک قوانین کی پاسداری کی افادیت پر سیمنار
مہمان خصوصی ڈی ایس پی چودھری جاوید اختر مہمان اعزاز ایس آئی ہیڈ ماسٹر ڈرائیونگ سکول ٹریفک مقصود احمد چانڈیہ تھے صدارت پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کی
احمدپورشرقیہ (پ ر) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب احمد پور شرقیہ میں ٹریفک ڈرائیونگ سکول و ٹریفک قوانین کی پاسداری کی افادیت پر زیر صدارت پرنسپل کالج پروفیسر شاہد حسین مغل ایک پروقار سیمنار کا انعقاد ہوا۔جس کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی چودھری جاوید اختر تھے۔جن کا پھولوں کی مالا پہناکر پرتپاک استقبال کیا گیا۔مہمان اعزاز میں ایس آئی ہیڈ ماسٹر ڈرائیونگ سکول ٹریفک مقصود احمد چانڈیہ تھے۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر خالد نذیر بھٹی نے ادا کیے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی چودھری جاوید اختر طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے موجودہ عہد میں ہر قسم کے معزز شہری کو اپنے دفاتر،سکولز،کالجز و دیگر روزگار کے سلسلے میں گھر سے باہر موٹر سائیکل و کار وغیرہ کا استعمال لازمی کرنا پڑتا ہے۔اس لیے آپنی جان کی حفاظت و ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے ڈرائیونگ سکول میں سرکاری فیس صرف 5000 روپے میں داخلہ لے کر صرف چودہ دن میں ایک محفوظ ڈرائیور کے طور پر سوسائٹی، ملک و قوم کے لئے رول ماڈل بن سکتے ہیں۔اکثر ٹریفک حادثات ڈرائیونگ اصول و ضوابط سے لاعلمی سے واقع ہوتےہیں۔احمدپورشرقیہ میں ٹریفک ڈرائیونگ سکول کسی نعمت سے کم نہیں۔جبکہ پرائیوٹ ادارے 22 سے 25 ہزار روپے فیس وصول کرتےہیں۔آخر میں ایس آئی ہیڈ ماسٹر ڈرائیونگ سکول مقصود احمد چانڈیہ نے ڈرائیونگ سکول میں داخلہ پروسیس و ٹریفک قوانین و لائسنس کے بارے مکمل تفصیل سے آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر اساتذہ کرام میں پروفیسر شمائلہ یعقوب، پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی کنٹرولر امتحانات و انچارج سکیورٹی آفیسر، پروفیسر ڈاکٹر راشد رسول بلوچ،لیکچرر عرفان الحق کے ساتھ دیگر پولیس ملازمین و سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد موجود تھی۔

