حساس ایام کے پیشِ نظر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ایس ڈی پی او احمدپور شرقیہ چوہدری جاوید اختر
آج تھانہ نوشہرہ جدید کے ایس ایچ او سجاد لغاری، دیگر افسران اور پولیس نفری کے ہمراہ مبارک پور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ صحافیوں سے گفتگ
مبارک پور (نامہ نگار) عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب، آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاولپور کے احکامات کی روشنی میں سرکل احمدپور شرقیہ کے تمام تھانوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او احمدپور شرقیہ چوہدری جاوید اختر نے مبارک پور میں جاری سرچ آپریشن کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حساس ایام کے پیشِ نظر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج تھانہ نوشہرہ جدید کے ایس ایچ او سجاد لغاری، دیگر افسران اور پولیس نفری کے ہمراہ مبارک پور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران لنڈا بازار اور دیگر تجارتی علاقوں میں دوکانداروں کے شناختی کارڈز، کرایہ نامے اور کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔ایس ڈی پی او نے کہا کہ یہ اقدامات 16 دسمبر، 25 دسمبر (کرسمس ڈے) اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کو قبل از وقت ناکام بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی انجمن تاجران کے سرپرستِ اعلیٰ سید برات حسین نقوی، متحدہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک وحید عباس مسن، اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری عبدالمجید سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے تاجران کو ہدایت کی کہ تمام کرایہ دار دکاندار اپنے کرایہ ناموں کا متعلقہ تھانوں میں اندراج یقینی بنائیں تاکہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ تعاون مضبوط بنایا جا سکے۔چوہدری جاوید اختر نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ علاقے میں پرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے

