ریجنل پولیس آفیسرغازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت چولستان جیپ ریلی کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سےاجلاس
.بہاولپور:ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کی زیرِ صدارت 21ویں بین الاقوامی و نیشنل چولستان جیپ ریلی کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور پولیس فورس کی تعیناتی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او بہاولپور، ڈی پی او بہاولنگر اور ڈی پی او رحیم یار خان نے شرکت کی، کیونکہ جیپ ریلی کا ٹریک تینوں اضلاع کی حدود سے گزرتا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 21ویں بین الاقوامی چولستان جیپ ریلی 11 فروری سے شروع ہو چکی ہے جو 15 فروری تک جاری رہے گی۔
اجلاس کے دوران ایونٹ کے سیکیورٹی پلان، فول پروف انتظامات اور پولیس فورس کی ڈیپلائمنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آر پی او بہاولپور کو بریفنگ دی گئی کہ جیپ ریلی کا مجموعی ٹریک تقریباً 450 کلو میٹر پر محیط ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کو انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے ہدایت کی کہ یہ ایونٹ ایک بین الاقوامی اور قومی سطح کا میگا ایونٹ ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد شریک ہے، لہٰذا سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تینوں اضلاع کی پولیس فورس کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن، واضح کمانڈ اینڈ کنٹرول، مشترکہ پیٹرولنگ اور فوری رسپانس سسٹم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ٹریک، ریلی پوائنٹس، ریسٹ ایریاز اور دیگر حساس مقامات پر مناسب نفری تعینات کی گئی ہے۔
آر پی او بہاولپور نے واضح کیا کہ ایونٹ کے دوران صرف سیکیورٹی انتظامات اور فورس ڈیپلائمنٹ پر مکمل توجہ مرکوز رکھی جائے گی تاکہ چولستان جیپ ریلی پُرامن، محفوظ اور کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہو۔ آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔

