عثمان بزدار کی یوم قائد اور کرسمس کی تقریبات کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
آئی جی پولیس کو ہدایات جاری‘ مسیحی برادری کو کر سمس کی خوشیاں پرامن ماحول میں منانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے‘وزیر اعلی پنجاب
لاہور 24 دسمبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کیلئے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں انسپکٹر جنرل پولیس کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ کرسمس اور یوم قائدؒ پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے اوریوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے وضع کردہ سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہو سکتی۔چرچوں، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ضرورت کے مطابق اضافی نفری بھی تعینات کی جائے۔ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے د شمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہیں۔یوم قائدؒ اور کرسمس کے حوالے سے وضع کردہ سیکورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کی جائے اورپولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں آزادانہ اور پر امن ماحول میں منانے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔