مائنس عمران خان فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا: صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات
لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مائنس عمران فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا، عمران کی گرفتاری یا مائنس ون فارمولے پر سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔
گورنر ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کو کئی مرتبہ اپوزیشن سے مذاکرات کی دعوت بھیجی۔
صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ حکومت نے میری طرف سے مذاکرات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا، مذاکرات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مکمل خاموشی ہے
انہوں نے کہا الیکشن کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھنا چاہیے، عمران خان کو خدشہ ہے کہ حکومت الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں، فواد چودھری کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اس پر شرمندگی ہوئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے چند گھنٹوں میں دوسری ملاقات کی۔
صدر عارف علوی اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز کی طرف سے الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔