سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالرز واپسی کی مہلت بڑھانے کا عندیہ
ڈیووس: سعودی عرب نے عندیہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی اسٹیٹ بینک میں رکھے 3 ارب ڈالر کی رقم جلد واپس نہیں لے گا اور یوں اس کی مدت بڑھانے پر رضامندی ظاہرکی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے سائیڈ لائن پر سعودی وزیرخزانہ نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اس وقت 3 ارب ڈالرز ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک میں تین ارب ڈالرز پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سپورٹ کرنے کے لیے جمع کرایا تھا
محمد الجدان نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم یکم مئی کو دونوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ زرمبادلہ کے ذخائر کی مد میں سپورٹ کے لیے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سمیت دوسرے آپشن پر غور کریں گے۔سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مملکت کا اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب اس کے ساتھ کھڑا رہے گا