سرائیکی ثقافتی میلہ کا انعقاد شاندار اقدام ہے: کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور

جھوک سرائیکی اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سرائیکی کلچر میلہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب
بہاول پور:30/جنوری: کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ سرائیکی ثقافتی میلہ کا انعقاد شاندار اقدام ہے۔ ثقافتی خدمات سر انجام دینے والے فنکار ہمارا سرمایہ ہیں ان کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وہ جھوک سرائیکی اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سرائیکی کلچر میلہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر ثقافت کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ثقافت اور اس کی تاریخ پر کام کرنے والے لوگ عظیم ہیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ پاکستان تہذیب اور ثقافت کا ایک ایسا گلدستہ ہے جس کے اپنے اپنے رنگ اور اپنی اپنی خوشبو ہے، سرائیکی، سندھی، پنجابی، بلوچی، پشتو اور پاکستان کی دیگر زبانیں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلچر سے محبت کرنے والا انسان ہمیشہ وسیع سوچ کا مالک ہوتا ہے، اپنی وسیع سوچ کے اعتبار سے وہ اپنی ماں بولی کے ساتھ ساتھ دیگر ماں بولی زبان سے بھی محبت کرتا ہے۔انہوں نے سرائیکی ثقافتی میلہ بہاولپور کے منتظم ظہور احمد دھریجہ کی وسیبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ظہور دھریجہ بحیثیت نیشنلسٹ دن رات اپنے وسیب اور وسیب کے لوگوں کیلئے کام کررہے ہیں، ان سے ایک عرصہ سے تعلق ہے انہوں نے ہمیشہ وسیب کے مسائل پیش کئے ہیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ گزشتہ سال سرائیکی کلچر ڈے کو سرکاری سطح پر منوانے کا سہرا بھی ظہور دھریجہ کے سر جاتا ہے، اس طرح سرائیکی ادبی اداروں کے قیام کیلئے بھی ان کی جدوجہد مثالی ہے۔ ثقافتی میلہ میں وسیب کے معروف فنکاروں اجمل ساجد، جمیل پروانہ، الغوزہ نواز حاجی غلام فرید کنیرہ، ثوبیہ ملک، چولستانی فنکار موہن بھگت و دیگر نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے فنکاروں میں ایوارڈز اور اسناد تقسیم کیں، بعد ازاں کمشنر بہاولپور نے سرائیکی ثقافت کے سٹالزکا دورہ کر کے وسیب کے ہینڈی کرافٹس کی تعریف کی اور ہنر مندوں کو مبارکباد دی۔ سرائیکی شعراء حقوق کونسل کی طرف سے سرائیکی ثقافتی میلہ کے منتظم ظہور دھریجہ کی دستار بندی کی گئی۔ نظامت کے فرائض پروفیسر اطہر لاشاری نے سر انجام دئیے۔ بہاولپور آرٹس کونسل کے پروگرام آفیسر ملک ذکاء اللہ نے میلہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں حافظ حسین احمد مدنی، معروف سکالر ڈاکٹر نصر اللہ خان ناصر، ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم زبیر ربانی، ڈائریکٹر میڈیا افئیر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر شہزاد خالد، پروفیسر سبطین خان گوپانگ، پروفیسر ڈاکٹر نواز کاوش، ڈاکٹر ممتاز بلوچ، صاحبزادہ اختر خان عباسی، سردار چھٹیرے خان عباسی، ملک امتیاز چنڑ، قاری مونس بلوچ، معروف ٹک ٹاک سٹار عادل اعوان، چوہدری شہباز مڑل، جاوید شانی سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
