چنی گوٹھ میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی صفائی کا کام بند مختلف علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر
صفائی کے عملے کو مبینہ طور پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث عملے نے کام چھوڑ دیا
چنی گوٹھ (نامہ نگار) چنی گوٹھ میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی صفائی کا کام بند ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جس سے شدید تعفن پھیلنے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گندگی کے باعث شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی دشوار ہوگیا ہے جبکہ مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق صفائی کے عملے کو مبینہ طور پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث عملے نے کام چھوڑ دیا ہے، جس کے بعد کئی روز سے صفائی کا نظام متاثر ہے اور کوڑا اٹھانے کا عمل معطل ہو کر رہ گیا ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے عملے کے مسائل فوری حل کرکے شہر میں صفائی کا کام بحال کیا جائے اور جمع شدہ کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ تعفن اور ممکنہ بیماریوں کے پھیلاؤ کا تدارک ہوسکے

