ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی نے ضلع بھر میں انسداد پولیو کی مہم کا افتتاح کر دیا

بہاول پور:11/مارچ : ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے شعبہ بیرونی مریضاں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو کی مہم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول،ڈی ایچ او پریوینٹیو میڈیسن ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اوریونیسیف کے نمائندگان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور والدین موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہید کوارٹر نے کہا کہ انسدادپولیو کی مہم کے دوران انسداد پولیو ٹیموں کے اراکین اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیں اور اس دوران پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیوویکسین سے محروم نہ رہنے پائے۔ انہوں نے کہا کہ بس اور ویگن اسٹینڈز اور مختلف مقامات پر انسداد پولیو کی ٹرانزٹ اور فکسڈ ٹیموں کے اراکین مستعدی سے خدمات سرانجام دیں اور والدین کے ہمراہ آنے والے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران ضلع بھر میں 5سال تک کی عمر کے8 لاکھ 7ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔یاد رہے کہ 13 مارچ2023ء سے15 مارچ 2023ء تک جاری رہنے والی انسداد پولیو کی مہم کے دوران انسداد پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اور اس دوران کسی بھی وجہ سے پولیو ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کو 16 اور17 مارچ کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کے تحت پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔انسداد پولیو کی مہم کے دوران ضلع بھر میں 3168 موبائل ٹیمیں، 195فکسڈ ٹیمیں اور136ٹرانزٹ ٹیمیں فیلڈ میں کام کریں گی۔