Advertisements

معاشرتی و سماجی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ناگزیر ہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی

sameera rabbani address at International Women Day
Advertisements

بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر بہاول پور آرٹس کونسل کے اشتراک سے میوزیم میں منعقدہ پینٹگز و آرٹ ورک نمائش کے افتتاح کے موقع پر اظہارخیال

بہاول پور: معاشرتی و سماجی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ناگزیر ہے۔ پائیدار ترقی اور امن کے لیے خواتین کی کاوشیں کلیدی ہیں۔ تعمیر ملت میں فرد سے قوم تک ہر سطح پر خواتین مرکزی حثیت کی حامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی نے آج بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر بہاول پور آرٹس کونسل کے اشتراک سے میوزیم میں منعقدہ پینٹگز و آرٹ ورک نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ مضبوط خاندان اور مستحکم معاشرہ خواتین کو عزت و وقار اور تحفظ دینے میں پوشیدہ ہے۔ سمیرا ربانی نے کہا کہ معاشی ترقی میں خواتین کا کردار کسی سے اوجھل نہیں ہے۔ بہاول پور میوزیم کے پلیٹ فارم سے منعقدہ یہ نمائش اس بات کی غماز ہے کہ ہماری لڑکیاں اور خواتین اپنے ہنر کے ساتھ خاندان اور معاشرے کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ بہاول پور میوزیم و آرٹس کونسل کی طرح دیگر اداروں کو بھی ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے خواتین کے لیے روزگار کے باوقار مواقع پیدا کیے جاسکیں۔ مہمان خصوصی نے مختلف اداروں اور انفرادی حثیت سے شرکت کرنے والی خواتین کے آرٹ ورک اور پینٹنگز کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری باہمت و ہنر مند خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی اس دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا عالمی دن پوری دنیا میں رنگ، نسل اور قوم سے بالا تر ہو کر خواتین کی معاشرتی کاوشوں، مساوات ، جدوجہد اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں انکی خدمات و کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔کوئی بھی ملک اس وقت تک تعلیم و ترقی کی دوڑ میں اگے نہیں جا سکتا جب تک خواتین ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔ واضح رہے کہ بہاول پور میوزیم کے زیر اہتمام بہاول پور ارٹس کونسل کے اشتراک سے منعقدہ اس چار روزہ نمائش میں  گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیوٹ برائے خواتین، گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سٹلائٹ ٹاؤن، گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج برائے خواتین کی ہاتھ سے بنائی گئی ثقافتی و آرائشی اشیاء اور پینٹنگز نیز انفرادی حثیت سے شرکت کرنے والی  گھریلو خواتین، شعبہ تعلیم سے وابستہ اساتذہ کرام، طالبات اور مختلف محکموں میں خدمات سرانجام دینے والی آرٹسٹ بشری اسلم، شمع عاصم، انعم امتیاز، آمنہ، عظمی کنول، رابعہ صدیق، صبا اکبر، ثانیہ، مقدس، حناء، سویرا ستار اور نگہت کے فن پارے ڈسپلے کیے گئے ہیں جو خواتین کی جہد مسلسل اور ترقی کے دھارے میں انکے کردار کو نمایاں کر رہے ہیں۔ تقریب میں مس نگہت اسلم، مسز عنبر تنصیر، ربیعہ صدف، ذکاء اللہ سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Advertisements