منی لانڈرنگ، سلمان شہباز کو این آر او ٹو کے ذریعے پاک صاف کیا گیا: عمران خان
لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھنا چاہتا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہی کے نرغے میں کیوں ہے؟ تو محض دو واقعات ہی اس کیلئے کافی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ 75 سالہ سینیٹر اعظم سواتی کو زیرِحراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہیں انکے پوتے پوتیوں کےسامنے پیٹا گیا، ایک حصےکو گرا کر انکے گھر پر جبراً تالے چڑھائے گئے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قوانین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جاریا ہے، ہمارے دستور میں فراہم کردہ بنیادی انسانی حقوق کو صریحاً پامال کرتے ہوئےدرج کئے گئے۔ درجنوں مقدمات کے ذریعے اعظم سواتی کو ایک سے دوسرے صوبے میں گھسیٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کیس کے برعکس اربوں روپے کی کرپشن اورمنی لانڈرنگ میں ملوث سلمان شہباز نامی ایک اشتہاری کو این آر او ٹو کےذریعے جھاڑ پونچھ کر پاک صاف کر دیا گیا ہے اور وہ پاکستان لَوٹ آیا ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ احادیث مبارکہ بھی شیئر کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ رسولِ مکرّم ﷺکی وہ حدیثِ مبارکہ ہر کسی کے پیشِ نظر رہنی چاہئیے جس میں انہوں نے تنبیہ کی تھی کہ ناانصافی کیسے قوموں کو تباہی سے دوچار کرتی ہے۔