دربار حضرت موسیٰ پاک شہید ملتان کے سجادہ نشین مخدوم سید ابو الحسن گیلانی کی وفد کے ہمراہ اوچ شریف آمد

سجادہ نشین اوچ شریف مخدوم پیر سید سہیل حسن گیلانی نے آستانہ عالیہ قادریہ مختیار محل میں ان سے خصوصی ملاقات کی
مخدوم اوچ اور مخدوم ملتان کے خانوادے نے اپنے جد امجد دربار حضرت محبوب سبحانی رحمت اللہ علیہ پر حاضری دی، جہاں انہوں نے روحانی فیوض و برکات حاصل کیے
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) دربار حضرت موسیٰ پاک شہید ملتان کے سجادہ نشین مخدوم سید ابو الحسن گیلانی کی اپنے معزز وفد کے ہمراہ اوچ شریف آمد ، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد پر سجادہ نشین اوچ شریف مخدوم پیر سید سہیل حسن گیلانی نے آستانہ عالیہ قادریہ مختیار محل میں ان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ولی عہد مخدوم زادہ محمد رحمان حسن گیلانی نے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔
اس روحانی و تاریخی ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی، سید عامر حسن گیلانی، ولی عہد سید ارتضا گیلانی سمیت دیگر شخصیات جن میں ملک عابد، ملک رضوان، ملک وقار تھیم شامل تھے، نے شرکت کی۔مخدوم اوچ اور مخدوم ملتان کے خانوادے نے اپنے جد امجد دربار حضرت محبوب سبحانی رحمت اللہ علیہ پر حاضری دی، جہاں انہوں نے روحانی فیوض و برکات حاصل کیے۔ دربار پر اجتماعی دعا کی گئی، جس میں گیلانی خانوادے، مخدوم اوچ اور مخدوم ملتان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر خانوادہ گیلانی کے بزرگ مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی نے خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے اپنے اجداد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اتحاد اور روحانی ترقی کے تسلسل پر زور دیا۔یہ ملاقات نہ صرف روحانی بلکہ تاریخی لحاظ سے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ دونوں خانوادے برصغیر میں صدیوں سے اسلامی تعلیمات اور روحانی سلسلے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔