ستھرا پنجاب مہم ،مین کورز کی تنصیب اور آوارہ کتوں کی تلفی نمبرداروں کی معاونت سے ممکن ہے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر
نمبردار حکومتی اور انتظامی نمائندے ہیں حکومتی اقدامات پر عمل درآمد میں انتظامیہ کی معاونت کریں اسسٹنٹ کمشنر کا اوچشریف میں نمبرداران کنونشن سے خطاب سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم،اور یونین کونسلز کے سیکرٹریز سمیت پٹواری بھی موجود تھے
اوچ شریف (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ نمبردار سول انتظامیہ کا بنیادی جزو ہیں، ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی، مین ہول کورز کی تنصیب اور آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے نمبرداروں کی معاونت سے گراس روٹ لیول پر سائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ وہ آج اوچ شریف میں منعقدہ نمبرداران کنونشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تقریب میں میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم سمیت یونین کونسل سیکرٹریز، پٹواریان اور نمبرداروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا کہ نمبردار حکومتی اور انتظامی نمائندے ہیں، وہ حکومتی اقدامات پر عمل درآمد میں انتظامیہ کی معاونت کریں۔ نجی مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب، ستھرا پنجاب مہم اور آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ نمبردار اس حوالے سے اپنے علاقے کے عوام کو آگہی فراہم کریں اور انتظامیہ کا دست و بازو بن کر حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں، کنونشن سے خطاب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء کو متعلقہ حکومتی قوانین اور ان معاملات کی حساسیت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر نمبرداروں نے اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں نمبرداران کنوشن کا آغاز تلاوت کلا پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسل سے ہوا جس کی سعادت محمد ایاز یٰسین سعیدی نے حاصل کی جب کہ تقریب کی نظامت کے فرائض شیخ الحدیث ڈاکٹر فتی تنویر احمد مدنی نے سرانجام دیے۔

