Advertisements

صادق پبلک سکول ، سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب

"Sadiq Public School Reflects Vision, Dedication and Resolve of Sir Sadiq Muhammad Khan Abbasi V: Punjab Education Minister.
Advertisements

قوم توقع کرتی ہے کہ آپ اسی طرح اعلیٰ معیار کے افراد پیدا کرتے رہیں گے اور اخلاقی، ذہنی اور جسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یونہی برقرار رکھیں گے

رانا سکندر حیات کا  صادق پبلک سکول کے 73ویں یومِ تاسیس کے موقع پر خطاب, پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالحفیظ نے مہمان خصوصی کی یادگاری شیلڈ پیش کی

Advertisements

بہاول پور:21/ نومبر ( پریس ریلیز  ) رانا سکندر حیات صوبائی وزیر تعلیم پنجاب نے صادق پبلک سکول کے 73ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ صادق پبلک سکول ، سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے۔ سر صادق عظیم انسان دوست شخصیت تھے جنہوں نے عظیم تعلیمی مقصد کے لیے اس بے مثال درس گاہ کے قیام کے لیے دامے، دِرمے ، قدمے ، سخنے تعاون پیش کیا۔ رانا سکندر حیات نے سکول کے نئے پرنسپل بریگیڈیٔر (ر) عبدالحفیظ ستارہ امتیاز ملٹری کی بصیرت اور ادارے کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پرنسپل نے اپنی انتہائی دلچسپی اور تجربے کی روشنی میں جس طرح ادارے کی شان کو دوبارہ سے زندہ کیا ہے، وہ لائقِ تحسین ہے۔

یہ ادارہ اپنی شاندار روایات اور تابناک ماضی پر بجا طور پر فخر کر سکتا ہے۔ اس اداریسے ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئی ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ حتیٰ کہ آج کی اس تقریب میں بھی میں بہت سی ایسی ممتاز شخصیات کو دیکھ رہا ہوں جنہوں نے اس عظیم ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے۔یہ سب اس ادارے کے اہم تاریخی کردار کی وجہ سے ہے جس کی یہ قوم توقع کرتی ہے کہ آپ اسی طرح اعلیٰ معیار کے افراد پیدا کرتے رہیں گے اور اخلاقی، ذہنی اور جسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یونہی برقرار رکھیں گے جو اس ادارے کی شناخت اور تکریم کا باعث ہے۔ مزید براں مہمانِ خصوصی نے پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تعلیم کے شعبہ میں کیے جانے والے انقلابی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ مزید براں رانا سکندر حیات نے کہا کہ میرے لیے آج کی پریڈ ، اس عظیم درسگاہ کے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل کی تقاریرانتہائی متاثر کن ہیں ۔ اس موقع پر میں طلبہ ، سٹاف اور سب سے بڑھ کر والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

قبل ازیں سکول کے ہیڈ بوائے برہان اکبر اور ہیڈ گرل آمنہ احمد نے اپنی تقاریر میں سکول میں قیام کے دوران اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور سکول میں گزرے لمحات کو بیان کیا ۔ قبل ازیں پرنسپل بریگیڈیٔر (ر) عبدالحفیظ ستارہ امتیاز ملٹری نے اپنے سپاسنامے میں سکول کی نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اور سکول کی روایات کو از سرِ نو زندہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید خطوط پر اُستوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سکول کے بانی نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کی علمی بصیرت اور علاقے کے لیے تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

تقریب تقسیم انعامات میں  150 سے زائد طلبہ و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے ۔ پرنسپل بریگیڈیٔر (ر) عبدالحفیظ نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔صوبائی وزیرنے سکول کے طلبہ و طالبات کی طرف سے تیار کردہ مختلف سائنس پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا اور طلبہ و طالبات کی اس اہم کارکردگی کو سراہا۔تقریب میں اولڈ صادقینز کے علاوہ ممبران بورڈ آف گورنرز، ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات کے والدین، اعلیٰ سرکاری افسران، سیاسی شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی جنہوں نے تقریب کو گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔