روس کی پاکستان، بھارت اور پاکستان، افغانستان تنازعات میں ثالثی کی پیشکش
اسلام آباد: روس نے پاکستان، بھارت اور پاکستان، افغانستان تنازعات میں ثالثی کی پیش کش کردی۔ پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے اسلام آباد میں انسٹیٹوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ روس پاکستان، بھارت اور پاکستان،افغانستان تنازعات میں ثالثی کے لیے تیار ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق روسی سفیرکا کہنا تھا کہ روس کو علاقائی سلامتی خصوصاً افغانستان کی صورتحال سے متعلق گہری تشویش ہے۔
روسی سفیرکا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان کشیدگی اکثر بیرونی قوتوں کی وجہ سے بھڑکتی ہے، روس علاقائی امن اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی حمایت کرتا ہے، ہم علاقائی سماجی ومعاشی ترقی میں تعاون جاری رکھنےکی حمایت کرتے ہیں۔ البرٹ خوریف کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کو اہم علاقائی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے، پاکستان صدرپیوٹن کےگریٹر یوریشین پارٹنر شپ وژن کے تحت اہم علاقائی حیثت رکھتا ہے۔ روسی سفیر نے مزیدکہا کہ صدر پیوٹن کے وژن کے تحت علاقائی مسائل علاقائی فریقین کو ہی حل کرنے چاہئیں۔

