رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کا اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب پر پولیس کے دھاوے پر سخت احتجاج

صدر احسان احمد سحر کا غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب پر پولیس کے دھاوے، کیفے ٹیریا میں توڑ پھوڑ اور صحافیوں پر تشدد کے واقعے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ ادارے نے اس واقعے کو آزادیٔ صحافت پر براہِ راست حملہ اور ملک میں جمہوری اقدار کے لیے خطرناک مثال قرار دیا ہے۔
صدر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان احسان احمد سحر نے کہا:
"نیشنل پریس کلب محض ایک عمارت نہیں بلکہ پورے ملک کے صحافیوں کی اجتماعی آواز اور ان کا مرکز ہے۔ اس کی حرمت پر حملہ دراصل پوری صحافی برادری پر حملہ ہے۔ ایسے واقعات نہ صرف آزادیٔ صحافت کو مجروح کرتے ہیں بلکہ جمہوریت کی بنیادوں کو بھی کمزور کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے صحافی پہلے ہی مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس قسم کے واقعات ان کے لیے مزید خطرات پیدا کرتے ہیں۔ حکومت فوری طور پر واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور ملوث اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دے تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔
رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ آزادیٔ صحافت جمہوری معاشروں کی بنیاد ہے اور صحافیوں کو دبانے یا خوفزدہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ ادارے نے اسلام آباد سمیت پورے ملک کے صحافیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادیٔ صحافت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاری کردہ:
رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان