بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر1 ارب10 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر

اپ گریڈیشن کا کام 28 فروری تک مکمل کیا جائے اور منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کے معائنے کے موقع پر گفتگو
بہاول پور:8/ جنوری: ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے اور اس پراجیکٹ سے ہسپتالوں کی حالت بدل جائیگی۔انہوں نے کہا ہے کہ اپ گریڈیشن کے ذریعے ہسپتالوں کے فرش، ڈورز، ونڈوز اور فالس سیلنگ نئی لگائی جارہی ہیں اور الیکٹری فکیشن اور پلمبرنگ کا پورا نظام تبدیل کیا جارہا ہے جس سے سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور میں جاری اپ گریڈیشن کے کام کے معائنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ جنوبی پنجاب افضل ناصر خان، ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو غلام یٰسین، ایم ایس ڈاکٹر عامر بخاری،ایس ای بلڈنگز انور عادل اور ایکسین ارشد ندیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ پلان کے تحت جنوبی پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر1 ارب10 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ اپ گریڈیشن کا کام 28 فروری تک مکمل کیا جائے اور منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے او پی ڈی، ایمرجنسی، مختلف بلاکس، وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور آئی سی یو کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے 24کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں جن میں سے 58 فیصد فنڈز خرچ کئے جاچکے۔انہوں بتایا گیا کہ ہسپتال کی او پی ڈی،ایمرجنسی بلاک، آئی سی یو، آپریشن تھیٹرز، سرجیکل وارڈز، گائنی، نیورو، پیڈز اور ٹی بی بلاک کی اپ گریڈیشن منصوبے میں شامل ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کے لئے لیبر کی تعداد دگنا کر دی گئی ہے۔