تحصیل احمد پور شرقیہ کی پانچ یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دئیے طارق بشیر چیمہ
مذکورہ علاقے محرومیوں کا شکار تھے اب تقریباً 75 کروڑ روپے کے منصوبہ جات جاری ہیں اور مزید فنڈز بھی پائپ لائن میں ہیں
سابق وفاقی وزیر و ایم این اے کی چنی گوٹھ اور کلاب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حسن عسکری شیخ کے ہمراہ عمائدین علاقہ سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کی پانچ یونین کونسلوں جو کہ ہمارے حلقہ میں شامل ہوئی تھی ان میں بھی ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دئیے ہیں ، سب کے کام بلا تفریق ہوں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چنی گوٹھ اور کلاب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حسن عسکری شیخ کے ہمراہ عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،
انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے محرومیوں کا شکار تھے ان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے تھے اب تقریباً 75 کروڑ روپے کے منصوبہ جات جاری ہیں اور مزید فنڈز بھی پائپ لائن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں آمد و رفت کا بہت بڑا مسئلہ تھا ان کے لئے ہم تقریباً 19 پختہ سڑکوں کی تعمیر کر رہے ہیں ، چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ٹف ٹائل ، سولنگ اور نکاسی آب کے منصوبوں پر بھی آئندہ ہفتے میں کام شروع ہو جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ نہ ہی میں کمیشن لیتا ہوں اور نہ میرا ایم پی اے کمیشن لیتا ہے اس لئے ہم کام معیاری کرواتے ہیں ۔ انہوں نے چنی گوٹھ اور کلاب میں عوام کے مسائل بھی سنے اور ان کو فوری حل کرائے
۔ قبل ازیں انہوں نے ایم پی اے حسن عسکری شیخ اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید علی حسن گیلانی مرحوم کی رسم چہلم میں بھی شرکت کی ، چوہدری طارق بشیر چیمہ نے موضع بیلداراں کے زمیندار اعلیٰ حاجی لیاقت علی سندھو کے انتقال پر ان کے بیٹے چوہدری عمران لیاقت سندھو اور داماد ڈاکٹر وسیم عباس سندھو سے اظہار تعزیت کی اور ان کی مغفرت کے لئے دعا کی ۔ چوہدری طارق بشیر چیمہ ، ایم پی اے حسن عسکری شیخ اور مہر محمد صدیق کے اعزاز میں کلاب میں چوہدری رحمت علی پنوں اور چوہدری احتشام پنوں نے ہائی ٹی کا اہتمام کر رکھا تھا ، اس موقع پر ملک راشد محمود نائچ سابق چیئرمین یونین کونسل مہند ، ملک ظفر اقبال گڈولہ ، محمد شفیع انجم، جام سعید لاڑ ، چوہدری منشاء گجر اور دیگر عمائدین علاقہ موجود تھے ۔